انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خون ریزی چاہتا ہے، وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خون ریزی چاہتا ہے، یہ پُر امن احتجاج نہیں شدّت پسندی ہے۔
رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خوں ریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا، مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خون ریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں، پولیس و رینجرز کے اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لیے مامور ہیں لیکن انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔
مزید پڑھیں؛ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، 4 اہلکار شہید
وزیرِاعظم نے کہا کہ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں، انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کیے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلِ خانہ کو جوابدہ ہے۔ مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر احتجاجیوں کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے۔
صددر مملکت کی مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔
صدر مملکت نے پولیس اور رینجرز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔ انہوں نے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
بلاول بھٹو کی مذمت
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے موجود پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کے بہادر بیٹے تھے۔