متحدہ عرب امارات نے یہودی عالم کے قتل میں ملوث 3 افراد کی شناخت ظاہر کردی

متحدہ عرب امارات میں 3 دن سے لاپتا یہودی ربی کی لاش اتوار کے روز ملی تھی

متحدہ عرب امارات نے یہودی ربی کے قتل کے الزام میں گرفتار تینوں ملزمان کی شناخت ظاہر اور تصاویر جاری کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جمعرات کو لاپتا ہونے والی یہودی عالم زوی کوگن کی لاش اتوار کو ملی تھی جس پر 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا تھا۔

اماراتی پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت خفیہ رکھی تھی تاہم اب ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزمان کی تصویر جاری کردی۔

اماراتی پولیس نے بتایا کہ تینوں ملزمان کا تعلق ازبکستان سے ہے۔ جن کے نام 28 سالہ اولمپی توہیرووچ، 28 سالہ محمود جان عبدالرحیم اور 33 سالہ عزیزبیک کاملووچ ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : متحدہ عرب امارات میں گمشدہ یہودی عالم کی لاش مل گئی؛ ایران کا ردعمل سامنے آگیا

پولیس کی جانب سے جاری تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں ملزمان کے ہاتھ اور پاؤں جکڑے ہوئے ہیں اور آنکھوں پر سیاہ پٹی بندھی ہے۔

تاہم پولیس نے قتل کے محرکات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے مکمل ہونے پر وجۂ قتل اور اس سے جڑی مزید تفصیلات منظرعام پر لائی جائیں گی۔

قبل ازیں اسرائیلی میڈیا نے اس قتل کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا۔

ایران نے متحدہ عرب امارات میں یہودی عالم مذمت قتل میں ملوث ہونے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں قتل ہونے والے اسرائیلی ربی کے پاس مالدووا کی شہریت بھی تھی اور اسی کے پاسپورٹ پر دبئی پہنچے تھے۔

Load Next Story