پرانی ویڈیوز دیکھ کر آج بھی لوگ معین اختر کے بارے میں پوچھتے ہیں، انور مقصود

انور مقصود اور اہلیہ نے انٹرویو میں معین اختر کی یادیں تازہ کردیں

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مصنف، مزاح نگار اور میزبان انور مقصود کا کہنا ہے کہ آج بھی لوگ معین اختر کے ساتھ ان کے پروگرام کی پرانی ویڈیوز دیکھتے ہیں تو ان سے متعلق سوالات کرتے ہیں۔

حال ہی میں انور مقصود نے اپنی اہلیہ عمرانہ مقصود کے ہمراہ ایک انٹرویو میں مرحوم معین اختر کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ان سے جڑے دلچسپ واقعات کا ذکر کیا ہے۔ انٹرویو میں انور مقصود نے ملکی حالات، معین اختر اور دیگر موضوعات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انور مقصود نے کہا کہ وہ اب بھی یقین نہیں کر سکتے کہ معین اختر ہم میں نہیں رہے، انہوں نے بتایا کہ لوگ آج بھی ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ اور معین اب بھی ساتھ کام کرتے ہیں، کیونکہ اکثر لوگ ان کی پرانی ویڈیوز دیکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ حالیہ تبصرے ہیں۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ معین کو ہم سے بچھڑے 12 سال ہو چکے ہیں، لیکن جب لوگ یہ سوال کرتے ہیں تو وہ یہی جواب دیتے ہیں کہ ’ملک کے حالات ہی نہیں بدلے، جو اس وقت تھا وہی آج بھی ہے اور شاید مستقبل میں بھی یہی رہے گا۔‘

عمرانہ مقصود نے معین اختر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ 100 بیماریوں کا شکار تھے، لیکن ایسے ماہر فنکار تھے کہ ان کی باتیں جھوٹ لگتیں تھیں جبکہ وہ سچ بول رہے ہوتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ معین اختر ایک بہترین انسان تھے۔

انور مقصود نے ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا کہ جب وہ اور ان کی اہلیہ گھر پر نہیں ہوتے تھے تو معین اختر ان کے گھر آ کر کھانا کھاتے اور ملازمین سے مذاق میں پوچھتے کہ انہیں کتنی تنخواہ ملتی ہے۔ وہ ملازمین کو دگنی تنخواہ کا لالچ دے کر اپنے پاس کام کرنے کی پیشکش کرتے اور چلے جاتے بعد میں ملازمین انور مقصود سے معین اختر کے گھر کا پتہ پوچھتے تو وہ سمجھ جاتے کہ معین انہیں زیادہ تنخواہ کا جھانسہ دے کر گئے ہیں۔

یاد رہے کہ انور مقصود اور معین اختر کے درمیان 36 سال کی مثالی مضبوط دوستی رہی اور ان کے مزاحیہ ڈرامے اور پروگرام آج بھی پسند کئے جاتے ہیں۔

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے