برنس روڈ پر کچرا پھیلانے والے ریسٹورنٹ مالکان کو انتباہی نوٹس جاری

عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں جرمانے عائد کئے جائیں گے، کے ایم سی حکام

برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ پر شام کے وقت سڑک پر ریسٹورنٹس کے باہر فٹ پاتھ اور سڑک پر لگائی جانے والی ٹیبلوں سے راہگیروں کو پریشانی کا سامنا ہے، تجاوزات سے ٹریفک جام ہونامعمول بن گیا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی:

میئر کراچی کی ہدایت پر برنس روڈ پر کچرا پھیلانے والے ریسٹورنٹ مالکان کو تنبیہ کے نوٹس جاری کردیے گئے۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور کے ایم سی کے افسران نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کا مشترکہ دورہ کرکے کچرا پھیلانے پر مزیدار حلیم، کراچی حلیم، پلیٹر ہاؤس، وحید کباب، انور سجی، حاجی ربڑی والا اور فوڈ سینٹر کو تنبیہ کے نوٹس جاری کر دیے۔

کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ دیگر ریسٹورنٹ اور دکانداروں کوبھی آگاہی فراہم کی گئی کہ کچرا اپنی دکانوں اور ریسٹورنٹ سے نکال کر باہر نہ پھیلائیں اور محفوظ طریقے سے کوڑے دان میں ڈالیں۔

کے ایم سی ایکٹ کے مطابق وارننگ لیٹر کے تین دن بعد عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سوشل موبلائزر بھی علاقوں اور فوڈ اسٹریٹ پر آگاہی فراہم کررہی ہیں۔

ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی ہدایت پر کچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔ شہری کچرا پھیلانے والوں کی نشاندہی 1128 پر کریں تاکہ انکے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Load Next Story