امیتابھ بچن نے ریس کورس کا قصہ سنا کر مداحوں کو حیران کردیا
کون بنے گا کروڑ پتی کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں انشومن ماتھر اور پریتوش گپتا کے درمیان چیلنجر راؤنڈ ہوا، جہاں پریتوش نے کامیابی حاصل کرکے ہاٹ سیٹ پر جگہ بنائی۔
پریتوش نے اپنے خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا، "میرا خواب ہے کہ میں اپنا گھر خرید سکوں اور اس انعامی رقم سے یہ ممکن بنانا چاہتا ہوں۔"
گیم کے دوران جب 20,000 کے سوال پر ریس کورس اور ریلوے اسٹیشن کے بارے میں بات ہوئی، تو امیتابھ بچن نے ریس کورس کے حوالے سے ایک دلچسپ قصہ سنایا۔
انہوں نے کہا، "جب میں کولکتہ میں کام کرتا تھا، میری تنخواہ 300-400 روپے تھی۔ زندگی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے میں ریس کورس جایا کرتا تھا، اس امید کے ساتھ کہ اضافی پیسے کما سکوں۔ میں نے یہ بات اپنے والدین سے بھی شیئر کی۔"
انہوں نے مزید کہا، "میرے والد نے کچھ کہنے کے بجائے مجھے ایک خط لکھا، جس میں انہوں نے کہا، 'دھن کو پانے کے لیے جب تک خون پسینہ نہ نکلے، اسے حاصل نہیں کرنا چاہیے۔' یہ ان کا اشارہ تھا کہ میں ریس کورس نہ جاؤں، اور میں نے ان کی بات مان لی۔"