ڈیرہ غازی خان میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام

دہشتگردوں نے راکٹ، ہینڈ گرینیڈ سمیت بھاری اسلحہ استعمال کیا ، ترجمان پنجاب پولیس

ڈیرہ غازی خان میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشتگردوں نے رات گئے اچانک حملہ کیا۔ 25 سے 30 خوارجی دہشت گردوں نے لکھائی چیک پوسٹ پر چاروں طرف سے حملہ کیا، تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کی گئی۔

ترجمان کے مطابق خوارجی دہشتگردوں نے راکٹ، ہینڈ گرنیڈ سمیت بھاری اسلحہ کا استعمال کیا۔ پولیس کے جانبازوں نے مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی۔

پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی نے نے مل کر خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔ خیبرپختونخوا بارڈر پر تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ تھیں جس کے باعث یہ حملہ ناکام بنایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی۔

وزیر داخلہ کا پولیس کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد لاکھانی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پولیس نے ایک بار پھر دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کمانڈر آئی جی عثمان انور اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پنجاب پولیس نے ہمیشہ جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کی ہے۔

Load Next Story