دورہ زمبابوے؛ شاہنواز دھانی، احمد دانیال انجرڈ ہوکر سیریز سے باہر

عباس آفریدی اور جہانداد خان کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا

فاسٹ بولر احمد دانیال اور شاہنواز دھانی انجری کے باعث زمبابوے کیخلاف جاری ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد دانیال کو ہمسٹرنگ انجری کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ شاہنواز دھانی اتوار کے ٹریننگ سیشن کے دوران بائیں ٹخنے میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

دونوں کرکٹرز کے ابتدائی اسکین اور طبی معائنے کے بعد انجریز کی نوعیت کا اندازہ ہوسکے گا تاہم انہیں واپس پاکستان بھیجا جارہا ہے۔

فاسٹ بولرز وطن واپسی پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے، جہاں انہیں ری ہیب کروایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: صائم ایوب کی تیز رفتار سینچری، پاکستان کی زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست

دونوں کرکٹرز کی جگہ عباس آفریدی اور جہانداد خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جو بلاوئیو میں سیریز کے فیصلہ کن میچ کیلئے سلیکشن ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

دریں اثنا 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں احمد دانیال کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ٹی20 اسکواڈ: سلمان علی آغا (کپتان)، عامر جمال، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان۔

Load Next Story