شوہر سے طلاق کے بعد جھوٹی افواہیں پھیلائی گئیں، سمانتھا پربھو
تامل فلموں کی سپر اسٹار سمانتھا رتھ پربھو نے اپنے سابق شوہر، اداکار ناگا چیتنیا سے طلاق کے معاملے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ سمانتھا اور 38 سالہ ناگا چیتنیا کی شادی 2017 میں ہوئی تھی تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی جس پر اس معروف جوڑی کے مداح بھی افسردہ تھے۔
سمانتھا سے طلاق کے بعد تامل فلموں کے اداکار ناگا چیتنیا نے سوبھیتا دھولیپالا کے ساتھ شادی کی تیاری شروع کردی ہے جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ یہ جوڑا 4 دسمبر کو ازدواجی بندھن میں بندھنے والا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سمانتھا نے طلاق کے بعد ہونے والی شدید تنقید اور افواہوں کے بارے میں بات کی ہے اور اس کا بھرپور جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد خواتین کو زیادہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ معاشرہ بے رحم رویوں کا حامل ہے، جہاں عورتوں پر ہی سوال اٹھائے جاتے ہیں اور خواتین کو طلاق کے بعد لوگوں کی جانب سے شرمناک رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سمانتھا نے اپنی طلاق کے بعد اپنے متعلق پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں بہت سی غلط باتیں کی گئیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں آج بھی وہ افواہیں یاد ہیں، لیکن جھوٹ کے جواب دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں انہوں نے اپنی سچائی صرف اپنے قریبی لوگوں تک محدود رکھی، کیونکہ انہیں اپنے خاندان اور دوستوں کا اعتماد حاصل تھا۔
یاد رہے کہ سمانتھا شوہر سے علیحدگی کے بعد اکثر افسردہ نظر آتی ہیں اور اب سابق شوہر کی شادی کی خبروں نے انہیں جس مشکل میں ڈال دیا ہے اس کی جھلک سوشل میڈیا پر ان کی اسٹوری پر دکھائی دیتی ہے۔