اسلام آباد راولپنڈی میں معمولات زندگی بحال، موٹرویزسمیت اہم شاہراہوں سے کنٹینر ہٹا دیے گئے
اسلام آباد اور راولپنڈی میں معمولات زندگی بحال ہوگئے موٹرویز، ہائی ویز سمیت اہم شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹا دئے گئے، میٹرو بس سروس، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی۔
پی ٹی آئی کا احتجاج ختم، مظاہرین منتشر ہوتے ہی جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے اہم شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کردی ہے چار روز سے بند راولپنڈی اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے کھول دیے گئے۔ بلیو ایریا، ڈی چوک، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، ٹی چوک روات، فیض آباد انٹرچینج، 26 نمبر چونگی، جی ٹی روڈ، موٹرویز اور اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے تمام راستوں پر ٹریفک بحال ہے۔
چار روز بعد فروٹ اور سبزی منڈی میں اشیاء خوردونوش کی ترسیل بحال ہوچکی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں پیٹرولیم سپلائی اور اشیاء کی سپلائی بھی معمول پر آچکی ہے۔
راولپنڈی میں مری روڈ، مال روڈ، پشاور روڈ اور اندرون شہر تمام کنٹینرز ہٹا دیے ہیں اور اہم تجارتی مراکز اور مارکیٹیں کھول دی گئی ہیں جہاں معمول کا کاروبار ہورہا ہے، شہر میں بند تمام پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو کھول دیا ہے جبکہ ہاسٹلز اور ہوٹلز کی رونقیں بھی بحال ہوچکی ہے، اندرون شہر اور دیگر شہروں کو جانے والی گاڑیاں اپنی منزلوں کی جانب رواں دواں ہیں۔
اسی طرح تمام سرکاری اداروں میں معمول کے مطابق امور ادا کیے جارہے ہیں، کل سے جڑواں شہروں میں تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔