عامر خان کے مشورے پر 'لاہور 1947' میں جذباتی مناظر شامل، سنی دیول سیٹ پر واپس

شوٹنگ 10 سے 15 دن تک جاری رہے گی جس کے بعد سنی دیول کشمیر جائیں گے جہاں وہ بارڈر 2 کی شوٹنگ کریں گے

ممبئی: سنی دیول اپنی نئی فلم لاہور 1947 کی اضافی شوٹنگ کے لیے دوبارہ سیٹ پر واپس آگئے ہیں۔ 

فلم کے پروڈیوسر اور بالی وڈ کے اداکار عامر خان نے فلم کی جذباتی شدت کو بڑھانے کے لیے کچھ اضافی مناظر شامل کرنے کی تجویز دی تھی۔

فلم کے ہدایت کار راج کمار سنتوشی ہیں اور یہ فلم تقسیمِ ہند کے دوران انسانی زندگی کے جذباتی اتار چڑھاؤ اور حوصلے کی کہانی کو بیان کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق عامر خان نے فلم کا پہلا ورژن دیکھنے کے بعد مشورہ دیا کہ کہانی کے کچھ مناظر کو مزید جذباتی اور دلکش بنایا جائے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، "عامر خان نے راج کمار سنتوشی سے اپنی رائے کا تبادلہ کیا، اور دونوں نے فلم کے اثر کو بڑھانے کے لیے اضافی شاٹس شامل کرنے پر اتفاق کیا۔"

سنی دیول نے اس فلم کی شوٹنگ کے لیے فوراً اپنے شیڈول میں تبدیلی کی۔ ٹیم دسمبر کے آغاز میں مہبوب اسٹوڈیو میں ایک گانے کی شوٹنگ کرے گی، اور ساتھ ہی کہانی کے اہم لمحات کو تقویت دینے کے لیے نئے مناظر بھی فلمائے جائیں گے۔ 

اس مرحلے کی شوٹنگ 10 سے 15 دن تک جاری رہے گی، جس کے بعد سنی دیول کشمیر جائیں گے جہاں وہ بارڈر 2 کی شوٹنگ کریں گے۔

فلم لاہور 1947 میں سنی دیول کے ساتھ پریتی زنٹا بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم تقسیمِ ہند کے دوران پیدا ہونے والی ہلچل، درد اور انسانوں کی بے مثال ہمت کو پیش کرے گی۔

 

Load Next Story