پاسپورٹ کنٹرول لسٹ ریکارڈ سے متعلق درخواست،حکومت کوجواب جمع کروانے کی آخری مہلت
لاہور ہائی کورٹ نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ کا ریکارڈ فراہم کرنے سے متعلق متفرق درخواست پر حکومت سمیت دیگر کو جواب جمع کروانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے وفاقی حکومت، وزرات داخلہ اورایف ائی اے کو جواب داخل کرانے کی آخری مہلت دیتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا ایک سال بعد رپورٹ آئے گی۔ عدالت نے درخواست پر سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ کی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ایف ائی اے اس لسٹ میں شہریوں کے نام نہیں ڈال سکتی۔ ایف ائی اے غیر قانونی طورپر اس لسٹ میں لوگوں کے نام ڈال رہی ہے۔ عدالت پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل شہریوں کے نام کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔