اسموگ تدارک؛ عدالتی حکم عدولی کرنیوالے اسکولوں کو چلنے نہیں دیں گے، لاہور ہائیکورٹ

عدالت نے اسکول بسیں چلانے کے فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

لاہور:

ہائی کورٹ نے اسموگ تدارک کیس میں کہا ہے کہ عدالتی حکم عدولی کرنے والے اسکولوں کو چلنے نہیں دیں گے۔

اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ لاہور ہائی کورٹ نے جاری کردیا،  جس میں عدالت نے تعلیمی اداروں میں اسکول بسیں چلانے کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق موسم سرماکی تعطیلات کےبعد عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کوچلنے نہیں دیاجائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ بھاری گاڑیوں کی باقاعدگی سے معائنہ کرے اور گاڑیوں کےمتواتر معائنے اور ڈیٹا کے لیے پالیسی وضع کرے۔

فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ پی ایچ اے لاہور میں کونو کارپس نامی پودے کی شجرکاری بند کرکے اس کے درخت اکھاڑے گی۔ ان پودوں کی جگہ دیسی درخت لگائے جائیں گے۔  محکمہ تحفظ ماحولیات نے عدالت کو بتایا کہ اسٹون کرشنگ پر مکمل پابندی ہے۔

اسموگ تدارک کے حوالے سے سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس شاہد کریم نے جاری کیا۔

Load Next Story