بھارتی کامیڈین ویرداس کا ایلون مسک اور ڈونلڈ ٹرمپ پر طنزیہ تبصرہ
نیویارک میں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کی میزبانی کرنے والے پہلے بھارتی کامیڈین ویرداس نے شو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک پر طنزیہ تبصرہ کرکے سب کی توجہ اپنی جانب کرلی۔
ویر داس نے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے پلیٹ فارم کا بخوبی استعمال کرتے ہوئے طنز و مزاح اور عالمی مشاہدات کا امتزاج پیش کیا اور ان کی حسِ مزاح سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت ٹیک بزنس ٹائیکون ایلون مسک بھی محفوظ نہ رہ سکے۔
بھارتی کامیڈین نے صدر ٹرمپ کی حکومت میں ایلون مسک کی ممکنہ شمولیت کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں امریکی ووٹروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے کسی ایسے شخص کو منتخب کیا ہے جو آپ کی رہنمائی کرے، تمام فیصلے کرے اور دنیا کا سب سے طاقتور شخص بنے۔ اور میرے خیال میں آپ نے اچھا انتخاب کیا ہے۔ بے شک وہ بے ترتیب باتیں کرتا ہے، لیکن وہ ذہین، کامیاب اور حیرت انگیز کاروباری شخص ہے، ایلون مسک ایک لیجنڈ ہے۔‘‘
ویر داس کا یہ تبصرہ فوراً وائرل ہوگیا۔
ایمی ایوارڈز کی میزبانی کے دوران ویر نے اپنا مزاحیہ تبصرہ جاری رکھتے ہوئے ٹیسلا کی سیلف ڈرائیونگ کار کا استعارہ لیتے ہوئے حکومت چلانے کے بارے میں طنز کیا کہ ’’تکنیکی طور پر یہ خودکار ڈرائیونگ ہے لیکن آخرکار کنٹرول میرے پاس ہے‘‘۔
ویر نے یہ مشورہ بھی دیا کہ ’’ایلون مسک کو خوش رکھیں۔ ٹھیک ہے؟ وہ آپ کا پلیٹ فارم خرید کر اسے پوڈکاسٹ میں بدل دے گا‘‘۔
یاد رہے کہ بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار ویر داس بین الا قوامی ایمی ایوارڈز کی میزبانی کرنے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔ ویرداس نے بالی ووڈ فلموں ’’دہلی بیلی‘‘ اور ’’گو، گوا، گون‘‘ میں بہترین سپورٹنگ رول ادا کیے۔ جبکہ انھیں نیٹ فلیکس سیریز ’’لینڈنگ‘‘ میں ایمی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔