پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

ملاقات کرانے یا نہ کرانے کا اختیار ہمارے پاس نہیں، جیل انتظامیہ

راول پنڈی: پی ٹی آئی رہنماؤں کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی درخواست منظور نہ ہوئی۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جیل حکام سے رابطہ کیا تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے بھی بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کرانے کے لئے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پچھلی تاریخ پہ مجھے مطلع کیا کہ انکے ساتھ پھر سے غیر انسانی سلوک کیا گیا۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے بھی میرے کلائنٹ کو قومی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قید تنہائی میں رکھا گیا، مجھے بانی پی ٹی آئی کی خیریت کے حوالے سے شدید تشویش ہے، لہذا فوری ملاقات کروائی جائے۔

جیل ذرائع کے مطانق ملاقاتیوں کو جواب دیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی تحویل میں نہیں بلکہ راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں۔ ان سے ملاقات کے خواہاں افراد راولپنڈی پولیس سے رابطہ کریں۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان جسمانی ریمانڈ پر راولپنڈی پولیس کی حراست میں ہیں اور ان کے سیل کو راولپنڈی تھانہ نیوٹاؤن کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔ ان سے ملاقات کرانے یا نہ کرانے کا اختیار جیل انتظامیہ کے پاس نہیں۔

Load Next Story