فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر رہنماؤں کی ضمانتیں منسوخ، وارنٹ گرفتاری جاری
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 5 مقدمات میں نامزد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن فردوس شمیم نقوی سمیت 11 رہنماؤں کی ضمانتیں منسوخ کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج 5 مقدمات کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے پی ٹی آئی کے 11 رہنماؤں کی ضمانتیں منسوخ کردیں اور ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں میں فردوس شمیم نقوی، خرم شیرزمان، راجا اظہر، عدیل احمد سمیت 11 رہنما شامل ہیں۔
پراسیکیوٹرغلام عباس نے بتایا کہ تمام ملزمان آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ملزمان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
عدالت نے 11 ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی ہے اور ملزمان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف فیروزآباد اور ٹیپو سلطان تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
ملزمان پر 9 مئی 2023 کو جلاؤ گھیراؤ اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے سمیت متعدد الزامات ہیں۔