مشرق وسطیٰ پاکستان کیلئے یورپ تک تجارتی گیٹ وے ہوسکتا ہے، وزیر مواصلات

اجلاس میں آذربائیجان کے حالیہ دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لیا گیا، وفاقی وزارت نجکاری

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ پاکستان کے لیے مشرقی یورپ تک تجارتی گیٹ وے ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزارت نجکاری اور سرمایہ کاری سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرنجکاری، مواصلات اور سرمایہ بورڈ عبدالعلیم خان کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس منعقد ہوا، جس میں آذربائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں آذربائیجان کے حالیہ دورے کی روشنی میں سرمایہ کاری کے امور کا جائزہ لیا گیا اورپاکستانی سفیر سے متعلقہ امورپرغوروخوض اورآئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

پاکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف امور پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آذربائیجان کے مختلف سرکاری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری اور نجکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے قاسم محی الدین سے فالو اپ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں مواصلات اور نجکاری کے وفاقی سیکریٹری بھی شریک ہوئے اور انہوں نے بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے کا کہنا تھا کہ آذربائیجان سے مواصلات میں دو موٹرویز ایم 6 اور ایم 9 میں سرمایہ کاری زیرغور ہے، ترکیہ اور آذربائیجان کے پاکستان میں سفیروں کے ساتھ جلد علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کروں گا۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارت خانہ دسمبر کے جوائنٹ کمیشن اجلاس سے پہلے ہوم ورک مکمل کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نج کاری، سرمایہ کاری اور مواصلات میں مربوط اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، مشرق وسطیٰ پاکستان کے لیے مشرقی یورپ تک تجارتی گیٹ وے ہوسکتا ہے۔

وفاقی وزریر نے کہا کہ باکو میں رواں ماہ منعقدہ کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی ہے۔

Load Next Story