نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ کا کینسر سے صحتیابی کا دعویٰ؛ 850 کروڑ کا قانونی نوٹس موصول
سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کو شوہر کے ذریعے کینسر سے صحتیابی کے لیے خوراک پر مبنی دعووں پر 850 کروڑ روپے کا قانونی نوٹس موصول ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، چتھیس گڑھ سول سوسائٹی (CCS) نے نوجوت کور کو نوٹس بھیجا ہے، جس میں ان سے سدھو کے دعوؤں کا ثبوت پیش کرنے یا وضاحت دینے کو کہا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق، اگر نوجوت کور نے 7 دنوں میں وضاحت یا ثبوت فراہم نہ کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سدھو کے بیانات عوام میں ایلوپیتھک علاج کے خلاف غلط تاثر پیدا کر سکتے ہیں، اور کینسر کے مریضوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
نوٹس میں سوال کیا گیا کہ کیا نوجوت کور نے مکمل طور پر خوراک اور دیسی نسخوں سے علاج کیا اور کیا انہوں نے کوئی ایلوپیتھک ادویات استعمال نہیں کیں؟
حال ہی میں نوجوت سنگھ سدھو نے انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے اعلان کیا کہ ان کی اہلیہ نے اسٹیج 4 کینسر کو صرف 40 دن میں شکست دی ہے۔
سدھو کے مطابق، ان کی بیٹی نے ایک غذائی پلان تیار کیا، جس میں صبح نیم گرم پانی، لیموں، اور کچی ہلدی کا استعمال۔ نیم کے پتے، تلسی، اور قدرتی جوس (چقندر، گاجر)۔ ریفائنڈ آئل کے بجائے زیتون یا کھوپرے کے تیل میں تیار کھانا۔ رات کے وقت بادام کے آٹے کی روٹی اور سبزی شامل تھے۔
سدھو کا کہنا تھا کہ اس خوراکی پلان اور احتیاط کی بدولت معجزاتی طور پر مثبت نتائج حاصل ہوئے۔