رتیش دیشمکھ کا مراٹھی اور ہندی سنیما کا سفر: "میں نے سوچا تھا میری پہلی فلم ہی آخری ہوگی"
بھارتی اداکار اور ہدایتکار رتیش دیشمکھ نے اپنے کیریئر کے بارے میں دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف بالی وڈ میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑے بلکہ مراٹھی فلم انڈسٹری میں بھی اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔
2022 میں اپنی ہدایتکاری کی پہلی فلم "وید" کے بعد، اب وہ "راجا شیواجی" کی ہدایتکاری کر رہے ہیں، جو چھترپتی شیواجی مہاراج کی زندگی پر مبنی ہے۔
رتیش دیشمکھ نے بتایا کہ اداکاری ان کا ارادہ کبھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا، "میں نے ہمیشہ سوچا کہ میری پہلی فلم ہی آخری ہوگی۔ میرے لیے کامیابی ذاتی ہوتی ہے اور میں اسے مختلف انداز میں ماپتا ہوں۔"
رتیش نے مزید کہا کہ اپنے پسندیدہ اداکاروں جیسے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، انیل کپور، مدھوری ڈکشٹ، سنجے دت، اور سلمان خان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔
مراٹھی سنیما میں فلم "لئی بھاری" اور "وید" کے ذریعے اپنی شناخت بنانے والے رتیش کا کہنا ہے کہ وہ کامیابی کے بوجھ کے بجائے اپنے کام کی ذمہ داری کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
رتیش نے حال ہی میں مراٹھی ریئلٹی شو بگ باس مراٹھی 5 کی میزبانی بھی کی، جس میں وہ مہیش منجریکر کی جگہ آئے۔ انہوں نے کہا، "کسی بھی کام کو پوری ایمانداری اور دل سے کرنا ہی اصل کامیابی ہے۔"