سندھ حکومت کو ایڈز کے بڑھتے کیسز پر تشویش، عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
سندھ حکومت نے موذی مرض ایڈز کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معاشرے میں ایڈز کے بڑھتے ہوئے کیسز تکلیف دہ عمل ہے، اس موذی مرض کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ سب کی ضرورت ہے، ایڈز کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم چلانا ضروری ہے، سندھ حکومت ایڈز کے تدارک کیلیے باقاعدہ اقدامات کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نعرہ لگایا کہ آئیں، زندگی کی قدر کریں اور زندگی کو بچائیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایڈز کا یہ وائرس انسان کے مدافعتی نظام کو بُرطرح متاثر کرتا ہے جس کے بعد آہستہ آہستہ مہلک ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاج، دیکھ بھال اور بہتر سپورٹ سے ہم لوگوں کو محفوظ بناسکتے ہیں۔ اس حوالے سے سندھ حکومت بھرپور آگاہی مہم شروع کرے گی۔