احتجاج میں  مراد سعید کی موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز، عطاتارڑ جھوٹ بول رہے ہیں، بیرسٹر سیف

عطا تارڑ سچ چھپانے کی کوشش میں ہرپریس کانفرنس میں پچھلی پریس کانفرنس کےدعووں کی نفی کرتے ہیں،ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

عمران خان سے غداری کرنے والے لوٹوں پر پوری قوم کی لعنت ہے، بیرسٹر سیف:فوٹو:فائل

پشاور:

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے  کہ اسلام آباد کے احتجاج میں  مراد سعید کی موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان خیبرپختونخوا نے کہا کہ عطا تارڑ مکمل جھوٹ بول رہے ہیں، ان کا (اسلام آباد کے احتجاج میں ) مراد سعید کی موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ 

بیرسٹر سیف نے کہا کہ  مراد سعید احتجاج میں موجود تھے اور گرفتار نہیں ہوئے تو پھر اس نااہلی پر نااہل ٹولے کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں لکھنا چاہیے، ہزاروں کارکنوں کو گرفتار کرسکتے تھے لیکن انہیں مطلوب مراد سعید ان کی آنکھوں سے اوجھل تھا یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مراد سعید کی خیبر پختونخوا میں موجودگی بارے بھی عطا تارڑ جھوٹ بول رہے ہیں، مراد سعید خیبر پختونخوا میں کہیں پر بھی نہیں ہے، عطا تارڑ بے سر و پا جھوٹ نہ بولے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عطا تارڑ سچ چھپانے کی کوشش میں ہر پریس کانفرنس میں پچھلی پریس کانفرنس کے دعووں کی نفی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحے کے فوری بعد موصوف نے ڈی چوک جاکر ویڈیو بنائی تھی، ویڈیو میں دعوی کیا تھا کہ یہاں پر گولیوں کے کوئی خول نہیں ملے،اب دعوی کررہے ہیں پی ٹی آئی احتجاج میں مسلح جتھے آئے تھے جس نے فائرنگ کی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ اگر فائرنگ ہوئی ہے تو پھر خول نہ ہونے کا دعوی کیوں اور کیسے کیا؟ عطا تارڑ ایک جھوٹ چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بول رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عطا تارڑ یہ بھی بتائیں کہ رات کو لائٹیں بند کرکے اندھیرا کس نے اور کس مقصد کے لیے کیا، کیا کنٹینر پر نماز  پڑھتے ہوئے شخص کو بھی پی ٹی آئی نے دھکا دے کر گرایا تھا؟

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ پریس کانفرنسوں میں جھوٹ بول کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا،عطا تارڑ اگر گلا پھاڑ بھی لیں تو سچ کو نہیں دبا سکتے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خود کارروائی کرکے دوسروں کو موردالزام ٹھرانا ان کا پرانا وطیرہ ہے، ماڈل ٹاؤن میں بھی قتل وغارت کرکے الٹا معصوم کارکنوں کو موردالزام ٹھہرا رہے تھے۔ 

Load Next Story