یوم ثقافت سندھ جوش و خروش سے منایا گیا، تقریبات کا انعقاد
کراچی میں گزشتہ روز سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن جوش و خروش سے منایا گیا۔
سندھ کے یوم ثقافت کے موقع کراچی کے مختلف علاقوں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کیے گئے، ان تقریبات میں شرکا نے علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے مرکزی تقریب کراچی پریس کلب کے باہر ہوئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس تقریب میں شرکا ریلیوں کے شکل میں پہنچے۔
تقریب کے شرکا نے سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے ہوئے تھے، اس تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی، قوم پرست تنظیموں سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تقریب میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے لوک گیت پیش کیے گئے، اس موقع پر ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیا جس میں فنکاروں اور گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔
سندھ کے ثقافت دن کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ میں سندھ کے ثقافتی دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، سندھ حکومت ثقافت کو اجاگر کرنے کیلیے ہمیشہ آپ کیساتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ لطیف سچل قلندر کی سرزمین کے وارث پرامن لوگ ہیں، پییلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مجھے آپ نوجوانوں کی نمائندگی کیلیے وزیر بنایا ہے۔
سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ دشمن کسی بھی منصوبے کی پیپلزپارٹی حمایت نہیں کرے گی،پیپلزپارٹی کا موقف ہمیشہ وہی ہے جو سندھ کہ عوام کا ہے۔