گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے معاملے کا پرامن و پائیدار حل نکلنے کی توقع ہے، وزیر اعلی کے پی
خیبرپختونخوا کے وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم کے معاملے کا پرامن و پائیدار حل نکلنے کی توقع ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے کے ارکان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرم کے مسئلے کے حل کے لئے باضابطہ مذاکرات کے آغاز اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرگہ اراکین نے معاملے کو پرامن انداز میں حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کرنے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کومکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس سلسلے میں وزیراعلی کی کوششوں کو سراہا۔
گرینڈ جرگہ اگلے چند دنوں میں کرم کا دورہ کرکے فریقین کے ساتھ بات چیت شروع کرے گا۔ علی امین گنڈا پور نے معاملے کے حل کے لئے صوبائی حکومت کو اپنا تعاون فراہم کرنے پر جرگہ اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت جرگہ اراکین کو علاقے میں جا کر مذاکرات کرنے کے لئے درکار تمام سہولیات اور سپورٹ فراہم کرے گی۔
جرگہ اراکین میں سابق وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری، سابق سینیٹر صالح شاہ، سابق سنیٹر سجاد خان، سابق وفاقی وزیر جی جی گلاب جمال، سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ، سنیٹر عبدالرزاق اور دیگر شامل تھے۔ وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔