کراچی؛ خاتون کا کٹا سر ملنے کے بعد انسانی ٹانگیں، ہاتھ اور دیگر اعضا ملنے پر خوف و ہراس
پولیس کے مطابق پیرآباد تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی پراچہ قبرستان کے قریب کچراکنڈی سے مختلف انسانی اعضا ملنے کی اطلاع پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کےلیے فوری طور پرکرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔
بعدازاں پولیس نے انسانی اعضا تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیے۔
پولیس حکام کے مطابق کچرا کنڈی سے ملنے والے انسانی اعضا میں ٹانگیں ہاتھ اور آنتیں شامل ہیں ۔ 2 روزقبل اسی قبرستان کے دوسرے کونے سے ایک سوکھے نالے سے نامعلوم خاتون کا تن سے جدا سر ملا تھا، جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔
نامعلوم خاتون کا سرملنے کے واقعے کامقدمہ الزام نمبر 24/622 سرکار مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی تھی کہ گزشتہ روز اسی قبرستان کے دوسرے کونے سے انسانی اعضا ملے ہیں ۔
انسانی اعضا کسی مرد یا عورت کے ہیں، یہ تاحال واضح نہیں ہوسکا ہے۔ انسانی اعضا کچھ روزپرانے ہیں اوران انسانی اعضا پرلگا خون جما ہوا ہے۔ بظاہرمعلوم ہوتا ہےکہ انسانی اعضا کو کسی ایسی جگہ رکھا ہوا تھا جہاں ٹھنڈ تھی اور موقع پا کر انسانی اعضا قبرستان سے متصل کچرا کنڈی میں پھینکے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملنے والے انسانی اعضا پر ایک نام بھی کندا ہوا ہے لیکن نام واضح نہیں ہے۔ پولیس کو واقعے میں کسی انتہائی جنونی ملزم کے ملوث ہونے کا شبہہ ہے۔ پولیس شواہد کی روشنی میں واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔