پی ٹی آئی احتجاج؛ گرفتار 281 ملزمان شناخت پریڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیے گئے

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے دو خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

اسلام آباد:

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے ڈی چوک سے گرفتار 281 ملزمان کو 14 روز کے لیے شناخت پریڈ پر سینٹرل جیل اڈیالہ جبکہ دو خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

دو خواتین سمیت 283 ملزمان کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزمان کے وکیل انصر کیانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پولیس نے تمام ملزمان کے شناخت پریڈ کی استدعا کی جبکہ ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے شناخت پریڈ کی مخالفت کی۔

وکیل انصر کیانی نے دلائل میں کہا کہ ملزمان کو چھ دنوں سے پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے، شناخت پریڈ کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔

واضح رہے کہ ملزمان کی تھانہ کوہسار کے دو مقدمات، تھانہ کراچی کمپنی، مارگلہ، سیکریٹریٹ اور ترنول میں گرفتاری ڈالی گئی تھی۔

گرفتار ملزمان کو 24 نومبر کے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ڈی چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Load Next Story