کراچی: گھر میں اہلخانہ کو یرغمال بنانے والے 2 ڈکیت ہلاک

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا

کراچی:

اورنگی ٹاؤن میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس سے مقابلے میں 2 ڈکیت ہلاک ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

پیارو خان چوکی انچارج اقرار حسین بلوچ نے ایکسپریس بتایا کہ وہ اپنی چوکی پرموجود تھے کہ انہیں علاقہ مکینوں کی جانب سے گھرمیں ڈکیتوں کی موجودگی کی اطلاع دی گئی جس پروہ اپنی نفری کے ہمراہ چند منٹ میں ہی موقع پرپہنچ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح ڈکیت گھر کی بالائی منزل پرموجود تھے اورڈکیتوں نے گھر کی خواتین اور بچیوں کویرغمال بنایا ہوا تھا، پولیس نے پہلے ڈکیتوں کواسلحہ پھینک کرگرفتاری دینے کو کہا لیکن ڈکیتوں نے پولیس پارٹی پرفائرنگ کردی جس پرپولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔

چوکی انچارج نے بتایا کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تنویر حسین ولد منیر حسین نامی پولیس اہلکار پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ڈکیت جس گھر میں ڈکیتی کی نیت سے گھسے تھے وہ مبارک شاہ نامی شہری کا ہے جو کباڑ کا کاروبار کرتا ہے، ہلاک ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، اسلحہ ودیگر سامان  برآمد کرلیا ہے، مارے گئے ڈکیتوں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی، پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔

Load Next Story