سندھ کی سرکاری جامعات کے اساتذہ و ملازمین کی تعلیمی اسناد کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا گیا

ڈپٹی ڈائریکٹر نے 30 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو اساتذہ وملازمین کی تعلیمی اسناد کی جانچ کے لیے خط ارسال کر دیا

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے اساتذہ اور ملازمین کی تعلیمی اسناد کی جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر طالب حسین مگسی نے 30 سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو خط بھی ارسال کردیا ہے۔

 خط میں کہا گیا ہے کہ بدھ، 13 نومبر 2024 کو ہونے والی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس کے دوران چیئرمین پی  اے سی نے سیکریٹری سندھ ایچ ای سی  اور پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کو ہدایت کی تھی کہ وہ تمام وائس چانسلرز کو ہدایت کریں کہ وہ اپنے تمام ملازمین جن میں فیکلٹی اور انتظامی عملہ بھی شامل ہو، ان کی اسناد کی تصدیق کریں۔

خط میں وائس چانسلرز سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ اپنی یونیورسٹی یا ادارے کے تمام ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کو یقینی بنائیں اور اس پر ایک ماہ کے اندر اس دفتر کو ایک جامع رپورٹ جمع کرائیں تاکہ اس کے مطابق پی اے سی کو جامع رپورٹ پیش کی جا سکے۔

Load Next Story