کراچی؛ پیپلز چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیخلاف ٹائرشاپ مارکیٹ کے دکانداروں کا احتجاجی مظاہرہ
ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے پیپلز چورنگی نیو ایم اے جناح روڈ اسلامیہ کالج کے قریب اتوار کی شام ٹائر شاپ پر ڈکیتی کی دوران مزاحمت پر دکاندار کو قتل کرنے کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام پیپلز چورنگی نیو ایم اے جناح روڈ اسلامیہ کالج کے قریب سے گزرنے والی سندھ کلچر ڈے ریلی کی آڑ میں ٹائر شاپ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر دکان کے مالک 25 سالہ حسن عارف کو فائرنگ کر کے قتل کیے جانے کے خلاف ٹائر مارکیٹ کے دکانداروں نے سوگ میں اپنی دکانیں بند رکھیں۔
اس موقع پر دکانداروں کی جانب سے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور اس کے نتیجے میں سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نہتے شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر انہیں زندگی سے محروم اور زخمی کرنے کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے لگائے گئے۔
اس موقع پر دکانداروں نے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر ٹائر شاپ کے مالک حسن عارف کے قاتلوں کو فوری گرفتاری کے مطالبات بھی درج تھے، ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار کے قتل کے خلاف کیے جانے والے احتجاج کے باعث پیپلز چورنگی اور نیو ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثرہ ہوگئی۔
سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکاندار حسن عارف کے جان سے جانے پر شادی کی خوشیوں والے دونوں گھرانے ماتم کدے میں تبدیل ہوگئے ، مقتول کی 13 دسمبر بروز جمعے کو شادی تھی جس کے کارڈز بھی تقسیم کیے جا چکے تھے۔
واضح رہے پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے دعوے اور بیانات تو ضرور سامنے آتے ہیں لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ ڈاکو جب اور جہاں چاہیں نہ صرف شہریوں کو لوٹ لیتے ہیں بلکہ معمولی مزاحمت پر ان کی جان تک لینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔