مرزاپور کے ’منا بھیا‘ رام چرن کی فلم "آر سی 16" کا حصہ بن گئے
مشہور ویب سیریز مرزاپور میں منّا بھیّا کے کردار سے شہرت پانے والے اداکار دیویندو شرما نے اپنی اگلی بڑی فلم حاصل کر لی ہے۔
ہدایتکار بوچی بابو سانا کی نئی فلم "آر سی 16" میں رام چرن اور جھانوی کپور کے ساتھ دیویندو کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ اس اعلان کی تصدیق فلم ساز نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کی، جہاں انہوں نے دیویندو کو خوش آمدید کہا۔
انسٹاگرام پوسٹ میں بوچی بابو سانا نے لکھا، "ہمارے بھیّا… آپ کے بھیّا… منّا بھیّا! خوش آمدید @divyenndu بھائی۔" دیویندو کے ایکشن سے بھرپور اور داڑھی والے غنڈے کے روپ نے مداحوں میں بے حد دلچسپی پیدا کر دی ہے۔ سوشل میڈیا پر شائقین نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کا بے چینی سے انتظار ظاہر کیا۔
"آر سی 16" کے حوالے سے پہلے بھی کئی اہم تفصیلات سامنے آ چکی ہیں۔ فلم میں جھانوی کپور مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو ان کی دوسری تیلگو فلم ہوگی۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں جگپتی بابو اور شوا راجکمار شامل ہیں۔ اے آر رحمان فلم کا میوزک کمپوز کریں گے، اور پروڈکشن کی ذمہ داری میتری مووی میکرز اور سکمار رائٹنگز نے لی ہے۔