ڈی چوک سے گرفتار 2 خواتین 14 روز کیلیے جوڈیشل، 374 ملزمان کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم
انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک سے گرفتار 2 خواتین کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جبکہ 374 ملزمان کو شناختی پریڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ۔
اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں گرفتار ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا۔
ملزمان کے وکیل انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان کی تھانہ کوہسار کے دو مقدمات، تھانہ کراچی کمپنی، مارگلہ، تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ آبپارہ اور ترنول میں گرفتاری ڈالی گئی ہے۔
پولیس نے تمام ملزمان کے شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تاہم ملزمان کے وکیل انصر کیانی نے شناخت پریڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو چھ دنوں سے پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے،شناخت پریڈ کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔
عدالت نے دو خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا جبکہ374 ملزمان کو شناخت پریڈ پر سینٹرل جیل اڈیالہ بھیج دیا۔
تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں 19 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔