پشتون کمیونٹی نے اسلام آباد پولیس کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب کردیا
پشتون کمیونٹی نے اسلام آباد پولیس پر اعتماد کرتے ہوئے جھوٹی سوشل میڈیا مہم کا پردہ فاش کردیا۔
وفاقی دارالحکومت میں رہنے والے پشتونوں کا کہنا ہے کہ اسلاآباد پولیس ہمارے ساتھ بہت تعاون کرتی ہے اور کبھی بلا وجہ تنگ نہیں کیا۔
ایک پشتون نے بتایا کہ وہ اسلام آباد میں برسوں سے کام کر رہا ہے، کسی غیر قانونی کام میں شامل نہیں رہا اس لیے پولیس نے بھی کسی طرح سے بھی تنگ نہیں کیا۔
لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے بخت زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں یہاں اسلام آباد میں 3 سال سے سبزی فروٹ کا کام کررہا ہوں، آج تک مجھے اسلام آباد پولیس نے تنگ نہیں کیا۔
ایک پشتون دکاندار کا کہنا تھا کہ میں 24 سال سے اسلام آباد میں کام کررہا ہوں اور پولیس کا رویہ ہمیشہ مثبت رہا ہے۔
ایک اور پشتون دکاندار نے کہا کہ میں مردان کا رہنے والا ہوں اور اسلام آباد میں 15 سال سے رہائش پذیر ہوں، ہم پر امن شہری ہیں اور اسلام آباد پولیس کا رویہ ہمارے ساتھ مثالی ہے۔
اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پولیس کے خلاف چلنے والی جھوٹی مہم تفریق پھیلانے کے لیے کی جا رہی ہے، پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد پولیس کے حکام نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی ہونے والوں کی ایک بڑی تعداد پشتونوں کی ہے اس لیے ایسی خبروں کا سچ سے کوئی تعلق نہیں۔