سوشل میڈیا پر ملک دشمن پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست اور سکیورٹی اداروں سمیت ملک دشمن پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ملک دشمن پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے وفاق اورصوبائی سطح پر سکیورٹی اداروں اور ایف آئی اے سائبر کرائم کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ان ٹیمیوں کو قانون کے مطابق گرفتاری اور تفتیش کے اختیارات بھی تفویض کیے جائیں گے جب کہ ان ٹیموں کو پی ٹی اے اور متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت بھی حاصل ہوگی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں سے متعلق پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی شروع
یہ ٹیمیں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کریں گی۔ وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام نے ایکسپریس کو بتایا کہ وفاقی حکومت کے اعلیٰ ترین حلقوں میں اس بات پر مشاورت کی جارہی ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاست ، اس کے اداروں خصوصاً ملک کو بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاوٴن کیا جائے گا۔
اس حوالے سے طے کیا جارہا ہےکہ وفاق اورصوبائی سطح پر سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈاکرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے اہم اداروں پر مشتمل خصوصی سائبر ٹیمیں بنائی جائیں گی، جنہیں تمام سوشل میڈیا کی مختلف اپیس پر اکاؤنٹس کی تفصیلات معلوم کرنے سمیت دیگر امور کی جانچ پڑتال کے لیے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث مزید 7 ملزمان کیخلاف مقدمات درج
ان ٹیموں کے ساتھ سائبر سکیورٹی کے ماہرین بھی شامل ہوں گے۔ان ٹیموں کو ملک کے کسی بھی علاقے میں چھاپا مارنے اور گرفتاری کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ ان ٹیموں کو کارروائی کرنے کے لیے خصوصی قانونی اختیارات دیے جائیں گے۔
وفاق نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے موجودہ قوانین میں ترامیم کا فیصلہ بھی کرلیا ہے ۔ اس حوالے سے ترمیمی بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے قومی سطح پر جلد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک پالیسی واضح کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں وفاق صوبوں سے مشاورت کرے گا۔ اس حوالے سے اہم فیصلوں کا جلد امکان ہے۔