پشاور ہائیکورٹ: شہریار آفریدی سمیت تین پی ٹی آئی رہنماؤں کی راہداری ضمانت منظور
پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں شہریار آفریدی، کنول شوذب اور بیرسٹر عمیر نیازی کی راہداری ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے محسن فاروق اور معظم بٹ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
انہوں نے عدالت کوبتایا کہ حالیہ احتجاج کے بعد درخواست گزاروں کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کئے گئے ہیں وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر خدشہ ہے کہ انہیں عدالتوں میں پیش ہونے سے قبل ہی گرفتار کرلیا جائے گا اس لئے انہیں راہ داری ضمانت دی جائے تا کہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا آپ کو کنفرم ہے کہ ایف آئی آرز میں آپ کو نامزد کیا گیا ہے جس پر ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی ان مقدمات کا ہمیں کنفرم ہے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کی راہداری ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے انہیں 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی اور انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔