تائیوان کو اسلحہ کیوں بیچا؛ چین کی امریکی فوجی کمپنیوں پر پابندیاں
تائیوان کو ایف 16 طیاروں اور ریڈار سسٹم کے لیے 385 ملین ڈالرز کے اسپیئر پارٹس کی فروخت کرنے پر چین نے امریکی فوج کی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا نے تائیوان کو اسلحہ فروخت کرکے آخری حد عبور کرلی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے والی امریکا کی متعدد فوجی کمپنیوں اور ان کے سربراہان پر پابندی عائد کر رہے ہیں جن میں سے 6 سربراہان کے اثاثوں کو منجمند کرنے کے علاوہ چین میں داخلے پر بھی پابندی ہے۔
چینی ترجمان کے بیان کے مطابق جن کمپنیوں پر پابندی عائد کر رہے ہیں اُن میں ٹیلی ڈائن براؤن انجنیئرنگ، برنک ڈرونز انکارپوریشن، شیلڈ اے آی انکارپوریشن، ریپڈ فلائٹ، ریڈ سکس سالیوشنز، سینیکسز انکارپوریشن، فائر اسٹارم لیبز، کریٹوز اَنمینڈ ائیریل سسٹمز، ہیووک اے آئی، نیروز ٹیکنالوجیز، سائبرلکس کارپوریشن، ڈومو ٹیکٹیکل کمیونیکشن سمیت گروپ ڈبلیو بھی شامل ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پابندیوں کے زد میں آنے والے کمپنیوں میں سے 6 کے چیف ایگزیکٹو افسران کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے علاوہ ان پر چین میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
چین نے ملکی کمپنیوں، بزنس مین اور شہریوں کو بھی پابندی کی زد پر آنے والی کمپنیوں اور افراد سے کسی قسم کے لین دین سے روک دیا۔
امریکا کی جانب سے تاحال چین کے اس اقدام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔