پروازوں کے کرائے میں کمی متوقع ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نادر شفیع ڈار نے کہا ہے کہ برطانیہ اورامریکا کی ٹیمیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) پر عائد پابندی کے حوالے سے بالترتیب جنوری اور فروری میں دورہ کریں گی جبکہ پروازوں کی کرایوں میں کمی بھی متوقع ہے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادرشفیع ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کے لیے تین سال سے زیادہ عرصہ کاوشیں کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پابندی کے خاتمے کے لیے یورپی یونین اورحکومت پاکستان نے ہرممکن مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ سی اے اے کی دو حصوں میں تقسیم اورقانون سازی پرعمل درآمد پابندی کے خاتمے کی راہ میں رکاوٹ تھی ، پی آئی اے جنوری کے وسط میں پیرس کے لیے پروازآپریٹ کریں گی۔
نادر شفیع ڈار نے کہا کہ پی آئی اے کو بطورریگولیٹرسیفٹی اورمینٹینس پرسمجھوتہ نہ کرنے کا واضع پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی پروازوں کی شروعات کےلیے ٹیم جنوری اورامریکی ٹیم فروری میں دورہ کرے گی، امریکی پانچ رکنی ٹیمم فائنل کلئیرنس کے لیے پاکستان آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکن فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جا چکے ہیں، سی اے اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
ڈی جی سی اے اے نے کہا کہ تینوں سیکٹرز پرپروازوں کے کرائے میں کمی بھی متوقع ہے۔