’پشپا 2‘ کی اسکریننگ کے دوران ہنگامہ، نامعلوم شخص کے اسپرے سے لوگوں کی حالت بگڑ گئی

تھیٹر انتظامیہ نے فوراً فلم روک دی اور 10-15 منٹ کے لیے دروازے کھول کر ہوا کا گزر ممکن بنایا

ممبئی کے گیلکسی تھیٹر میں فلم کی اسکریننگ کے دوران نامعلوم شخص نے اسپرے کیا، جس سے مداح قے اور طبیعت خراب ہونے کی شکایت کرنے لگے۔

فلم پشپا 2 – دی رول، جو ریلیز کے بعد سے باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے، تنازعات میں گھِر گئی ہے۔ پہلے ریلیز کے موقع پر سپر اسٹار اللو ارجن کے تھیٹر وزٹ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت ہوئی تھی۔ 

اب ممبئی کے مشہور گیٹی-گیلکسی تھیٹر میں فلم کی اسکریننگ کے دوران ایک نامعلوم شخص نے وقفے کے دوران نامعلوم اسپرے کیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد کی طبیعت خراب ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق، اسپرے سے لوگ کھانسی، گلے کی خراش، قے، اور متلی محسوس کرنے لگے۔ تھیٹر انتظامیہ نے فوراً فلم روک دی اور 10-15 منٹ کے لیے دروازے کھول کر ہوا کا گزر ممکن بنایا۔ بعد میں اسکریننگ دوبارہ شروع کی گئی۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچی اور CCTV فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ خوش قسمتی سے کوئی بڑا طبی حادثہ رپورٹ نہیں ہوا، لیکن واقعے نے شائقین کو پریشان کر دیا ہے۔

فلم پشپا 2 – دی رول، جس میں اللو ارجن، رشمیکا مندنا اور فہد فاضل نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، 5 دسمبر کو کئی زبانوں میں ریلیز کی گئی اور پہلے دن ہی 100 کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کر چکی ہے۔

 

Load Next Story