پی آئی اے کی پرواز 4 برس بعد پیرس کیلئے اڑان بھرنے کو تیار
قومی ائیر لائن کی 4 سالہ پابندی کے اختتام کے بعد پہلی پرواز پیرس جانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق 4 سال کی پابندی کے بعد پی آئی اے کی پہلی پرواز10 جنوری کو پیرس جائے گی اور پرواز کی بکنگ ہفتہ 7 دسمبر کو شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے میں دو پروازیں منگل اور جمعے کو اسلام آباد سے چلائی جائیں گی اور پی آئی اے پیرس کے لیے بوئنگ 777 طیارہ استعمال کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی پابندی کے خاتمے کے بعد پیرس کیلئے پروازیں جنوری سے شروع ہوں گی
ترجمان نے بتایا کہ لاہور پیرس آپریشن کے حوالے سے تاحال کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یورپی سیفٹی ایسوسی ایشن نے پی آئی اے کی پروازوں پر عائد پابندی ختم کردی تھی اور اس کے بعد پی آئی اے نے اعلان کیا تھا کہ پہلی پرواز فرانس کے دارالحکومت پیرس جائے گی۔
ایوی ایشن حکام نے بتایا تھا کہ یورپی ممالک کے بعد برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازوں کی بحالی کا مرحلہ شروع ہوگا اور اس کے لیے ان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گے۔