پنجاب: مزدورں کے 500 بچوں میں چالیس کروڑ کے اسکالر شپ چیک تقسیم
حکومت پنجاب نے 40 کروڑ روپے کے 500 اسکالر شپ چیک مزدورں کے بچوں میں تقسیم کردیے۔
ورکرز ویلفیئر فنڈز کے تحت یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر لیبر و انسانی وسائل فیصل ایوب کھوکھر، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز توقیر الیاس چھٹہ، صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ سے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے جدوجہد کر رہا ہوں۔ مزدوروں کے بچوں کا اسکالرشپ پروگرام کامیاب ہونے پر آج تسلی محسوس کر رہا ہوں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مزدوروں کے بچوں کو ملنے والا پیسہ کسی حکومت کا نہیں ہے یہ پیسہ مزدوروں کا اپنا پیسہ ہے، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم مزدوروں کی امانت مزدوروں کو واپس دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بچے اچھے اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے تو ملک ترقی کرے گا، مجھے امید ہے کہ یہ طلباء کل کو ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ پیسہ مزدوروں نے تھوڑا تھوڑا کر کے جمع کیا جیسے اب واپس کیا جا رہا ہے، مزدوروں کے بچوں کو حصول تعلیم میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔