کلاسک ناول ’تنہائی کے سو سال‘ کی نیٹ فلکس سیریز نے دھوم مچادی

یہ سیریز نوبل انعام یافتہ گبریل گارشیا مارکیز کے 1967 کے کلاسک ناول پر مبنی ہے

کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے یارا سنیما میں جمعہ کی شام لاطینی امریکہ کے مشہور ناول 'تنہائی کے سو سال' کی پہلی ٹی وی ایڈاپٹیشن کی اسکریننگ کے لیے شائقین کا جم غفیر امڈ آیا۔ یہ ایڈاپٹیشن نیٹ فلکس نے تیار کی ہے اور اس کا پہلا حصہ 11 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔

کیوبا میں نیٹ فلکس سمیت کئی امریکی ویب سائٹس تک رسائی ممکن نہیں، جس کے باعث فلم فیسٹیول میں پیش کیے گئے 16 اقساط پر مشتمل اس سیریز کے پہلے دو ابواب کو دیکھنے کے لیے عوام نے بھرپور دلچسپی دکھائی۔

ایک ناظر روتھ گویرا نے کہا، "یہ لاطینی امریکی ثقافت کو دیکھنے کا نادر موقع ہے۔ ہم کیوبنز گارشیا مارکیز سے گہری وابستگی محسوس کرتے ہیں۔"

کیوبن اداکارہ جیکولین ارینال، جو اس سیریز کا حصہ ہیں، نے کہا، "مجھے کبھی نہیں لگا تھا کہ یہ ناول سینما تک پہنچے گا، اور آج مجھے اس کا حصہ بننے کا موقع ملا۔ یہ میرے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے۔"

یہ سیریز نوبل انعام یافتہ گبریل گارشیا مارکیز کے 1967 کے کلاسک ناول پر مبنی ہے، جو بوانڈیا خاندان کی سات نسلوں کی کہانی کو جادوئی حقیقت پسندی کے انداز میں پیش کرتا ہے۔ ناول کو لاطینی امریکہ کے تجرباتی اور سیاسی ادبی رجحان لاطینی امریکی بوم کا اہم شاہکار تصور کیا جاتا ہے۔

سیریز کے ہدایتکار ایلکس گارشیا لوپیز نے کہا، "یہ کہانی انسانیت، ایک براعظم اور پوری دنیا کی کہانی بیان کرتی ہے، اور آج کے دور میں بھی اس کی اہمیت برقرار ہے۔"

 

Load Next Story