کراچی؛بہادرآباد دھوراجی میں فائرنگ سے پاک فوج کا جوان جاں بحق
بہادرآباد دھوراجی میں فائرنگ سے پاک فوج کا جوان جاں بحق، مقتول دو بچوں کا باپ تھا ۔
تفصیلات کے مطابق بہادرآباد کے علاقے مریم مسجد آدم جی نگر بلاک بی دھورا جی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ عدنان عباسی ولد ابراہیم عباسی کے نام سے کی گئی ، مقتول کے برادر نسبتی بلال نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول پاک فوج کا جوان اور23ایف اینڈ ٹی یونٹ ملیر کینٹ میں تعینات تھا اور آدم جی نگر کا رہائشی کا رہائشی تھا ، مقتول کے دو بچے تھے ایک بیٹا ایک بیٹی ، ایبٹ آباد آبائی تعلق تھا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے حاصل کر لی ہے ، فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ واردات میں ملوث ملزم پہلے سے گھات لگائے کھڑا تھا ، مقتول جیسے ہی گھر سے کچھ فاصلے پر آیا تو ملزم نے پہلے سرپر بٹ مارا اور پھر گردن پر ایک گولی ماری جب عدنان عباسی نیچے گرا تو ملزم اس کا پرس اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگیا۔
شبہہ ہے کہ ملزم نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔