امریکا کے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے
دمشق: شام میں آمر بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد امریکا نے داعش کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔
عرب میڈیا الجزیرہ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی ایئرفورس نے داعش کے 75 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ داعش بشار حکومت کے خاتمے سے کوئی فائدہ نہ اٹھاسکے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق داعش کے رہنماؤں، عسکریت پسندوں اور ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے، اس کارروائی میں بوئنگ B-52 اور F-15 سمیت جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور اب نقصانات کا تخمینہ لگاجارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شامی صدر بشارالاسد کے فرار ہوتے ہوئے طیارہ حادثے میں ہلاکت کی خبریں
سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے ایک بیان میں کہا ’’بلاشبہ ہم داعش کو شام کی موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے اور دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، شام میں سرگرم تمام تنظیمیں کان کھول کر یہ بات سن لیں کہ اگر انہوں نے داعش کے ساتھ کسی بھی طرح کی شراکت یا حمایت کی تو ہم انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا"۔
واضح رہے کہ ابو محمد الجولانی کی قیادت میں شامی جنگجو تنظیم حیات تحریر الشام نے کئی روز سے جاری جھڑپوں کے بعد تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے گزشتہ روز دمشق پر قبضہ کرکے بشار الاسد کی 24 سالہ حکومت کا تختہ الٹ دیا۔