فواد خان اور وانی کپور کی فلم "عابِر گُلال" کی لندن میں شوٹنگ مکمل
پاکستانی اداکار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور کی رومینٹک کامیڈی فلم "عابِر گُلال" کی شوٹنگ لندن میں مکمل ہوگئی۔ یہ فلم 40 دن کی شوٹنگ کے بعد اہم مرحلہ عبور کر چکی ہے۔
فلم کی ہدایتکاری معروف ڈائریکٹر آرٹی ایس بگڈی نے کی ہے، جو اس سے پہلے "چلتی رہے زندگی" جیسے پروجیکٹس کر چکی ہیں۔ "عابِر گُلال" کو انڈین اسٹوریز، اے رِچر لینز، اور آر جے پکچرز نے پروڈیوس کیا ہے۔
فواد خان فلم میں ایک برطانوی شیف کا کردار نبھا رہے ہیں، جبکہ وانی کپور ان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔ فلم میں اداکارہ لیزا ہیڈن بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم کی پروڈکشن ٹیم جلد ہی منتخب ناظرین کے لیے ایک خصوصی اسکریننگ منعقد کرے گی اور فلم کو بین الاقوامی فلمی میلوں میں پیش کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
"عابِر گُلال" کا سنیما میں ریلیز کا وقت اس کے فلمی میلوں کی نمائش کے بعد طے کیا جائے گا اور توقع ہے کہ یہ فلم 2025 کے دوسرے نصف میں بھارتی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم نے شائقین میں خاصا جوش پیدا کیا ہے، خاص طور پر فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی کے باعث مداح خوش ہیں۔ 2016 کی فلم "اے دل ہے مشکل" کے بعد یہ ان کی پہلی بالی ووڈ فلم ہوگی، جو کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد ایک بڑی خبر ہے۔