محسن نقوی کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات سامنے لانے کیلئے درخواست دائر

سینیٹ الیکشن میں محسن نقوی کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئی متعلقہ دستاویزات بھی فراہم کی جائیں،درخواست

اسلام آباد:

وزیر داخلہ محسن نقوی کے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات سامنے لانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ عمیر شفیق مغل کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار متعدد بار الیکشن کمیشن سے رجوع کر چکا ہے، الیکشن کمیشن وزیر داخلہ محسن نقوی کے کاغذات نامزدگی سے متعلق تفصیل دینے سے گریزاں ہے، آرٹیکل 19 اے کے تحت کاغذات نامزدگی کی تفصیلات لینا درخواست گزار کا حق ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سینیٹ الیکشن 2024ء میں محسن نقوی کے کاغذات نامزدگی کی مصدقہ کاپی فراہم کی جائے، کاغذات نامزدگی کے ساتھ جمع کرائی گئی متعلقہ دستاویزات بھی فراہم کی جائیں۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کو بلامقابلہ سینیٹر منتخب کرنے کی ڈکلیریشن بھی فراہم کی جائے۔

Load Next Story