شاہ رخ خان کی کلاسک فلم "دل سے" باکس آفس پر کیوں ناکام ہوئی؟ 

دل سے آسام میں بغاوت کے پس منظر میں محبت اور قربانی کی پیچیدہ کہانی کو پیش کرتی ہے

معروف ہدایتکار منی رتنم کی فلم دل سے، جو 1998 میں ریلیز ہوئی تھی ایک کلاسک کا درجہ حاصل کر چکی ہے لیکن ریلیز کے وقت فلم باکس آفس پر ناکام رہی۔

فلم کے مکالمہ نگار تگمنشو دھولیا نے حالیہ انٹرویو میں ان وجوہات پر روشنی ڈالی جن کی وجہ سے یہ فلم ناظرین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔

تگمنشو دھولیا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم کی ناکامی کی بڑی وجہ اس کا غیر روایتی اختتام تھا۔ ان کے مطابق: "لوگ فلم کے ہیرو اور ہیروئن کو مرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتے تھے، شاید یہی وجہ تھی کہ فلم سینما گھروں میں کام نہیں کر سکی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ فلم کا آغاز اور موسیقی بے حد شاندار تھی لیکن اختتام نے ناظرین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

تگمنشو نے ہدایتکار منی رتنم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وژن پر قائم رہنے والے ہدایتکار ہیں۔ انہوں نے کہا: "منی رتنم کبھی کسی سین کو نہیں بدلتے، چاہے نتیجہ کچھ بھی ہو۔ وہ ایک سچے آرٹسٹ ہیں۔"

دل سے، جس میں شاہ رخ خان اور منیشا کوئرالہ نے مرکزی کردار ادا کیا، آسام میں بغاوت کے پس منظر میں محبت اور قربانی کی پیچیدہ کہانی کو پیش کرتی ہے۔ فلم کے المناک اختتام، جہاں ہیرو اور ہیروئن دونوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، نے ناظرین کو شدید مایوس کیا۔
 

Load Next Story