صحیح آدمی ہو تو محبت ایک ہی بار کافی ہے، ریکھا کا بیان وائرل
بالی ووڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ ریکھا نے محبت اور محبوب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ ریکھا حال ہی میں نیٹ فلکس کے پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے تجربات اور محبت کے فلسفے پر گفتگو کی۔
شو کے میزبان کپل شرما نے محبت کے حوالے سے شاعروں کے متضاد خیالات کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ سے ان کی رائے پوچھی۔ ریکھا نے اپنی مخصوص حسِ مزاح کے ساتھ کہا، ’اگر صحیح شخص ہو تو ایک بار محبت کافی ہے، کتنی بار اور کتنے لوگوں سے محبت کریں گے؟‘ ریکھا کے اس تبصرے پر ناظرین خوب محظوظ ہوئے اور تالیاں بجائیں۔
ریکھا نے خود سے محبت کی اہمیت پر بھی زور دیا انہوں نے کہا، ’میرا تجربہ یہ ہے کہ میں ہر چیز سے محبت کرتی ہوں، اپنے کام، دوستوں، دنیا اور قدرت سے، لیکن سب سے زیادہ میں خود سے محبت کرتی ہوں کیونکہ خود سے محبت کرنا بےحد ضروری ہے‘۔
یاد رہے کہ برسوں سے یہ بات سب جانتے ہیں کہ اداکارہ ریکھا اپنے ساتھی اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی محبت میں گرفتار ہیں جو ریکھا سے کئی برسوں تک تعلقات یں بھی رہے تاہم انہوں نے جیا بچن سے شادی کرلی اور یوں ان کی محبت کی کہانی ادھوری رہ گئی لیکن ریکھا کی امیتابھ بچن کیلئے محبت کبھی کم نہ ہوئی۔