مریم نواز کا تاریخی دورہ چین، بیجنگ پنجاب کلین ایئر مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ

چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا

لاہور:

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تاریخی دورہ چین کے موقع پر بیجنگ پنجاب کلین ایئر مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا، سینیئر وزیر مریم اورنگزیب پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔

چین اور صوبہ پنجاب نے ماحولیاتی بہتری، بائیو ڈائیورسٹی، اسموگ کے خاتمے، جنگلی حیات اور شجر کاری کے تحفظ و فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب اور چین کے ماحولیاتی وزیر ہوانگ رانچیو نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔

فیصلے کے تحت چین اور صوبہ پنجاب میں ماحولیاتی علوم کا تبادلہ، پالیسی کوآرڈینیشن، استعداد میں اضافے، ڈیٹا مانیٹرنگ اور شئیرنگ، گرین اربن پلاننگ، ٹیکنالوجی کا ٹرانسفر ممکن ہوسکے گا۔ چین ماحول دوست توانائی اور ٹرانسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔

پنجاب میں ای ٹرانسپورٹ سسٹم کے لیے چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چین زرعی شعبے کی ترقی، ماحول دوست مشینری اور زرعی طریقے سکھانے میں بھی پنجاب کی مدد کرے گا۔ ہائیڈرو پاور اور پانی کے باکفایت استعمال کے حوالے سے بھی چین صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔

پنجاب کو ماحولیاتی خطرات سے بچاﺅ میں چین مہارتوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے معاونت فراہم کرے گا۔ چین کے ماحولیات کے وزیر نے پنجاب میں اسموگ سے بچاﺅ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔

وزیر ایکالوجی اینڈ انوئرمنٹ ہوانگ رانچیو کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ دی گئی۔ پنجاب میں حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

وزیر ہوانگ رانچیو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کے لیے آپ کا وژن، ذاتی کردار، تجربہ اور مہارت متاثر کن ہیں۔ چینی وزارت انوائرمنٹ اینڈ ایکالوجی حکام نے شہری ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چین کے جدید انوائرمنٹ ماڈلز اپنانا چاہتے ہیں، مارچ 2024 میں وزیراعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالتے ہی اسموگ سے بچاﺅ اور ماحول کی بہتری کا اپنی نوعیت کا پہلا جامع پلان دیا، پنجاب میں بڑے پیمانے پر شجر کاری اور جنگلات کی بحالی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے شہری منصوبہ بندی اور اسمارٹ شہروں کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، سی پیک پاکستان کی ترقی کے حوالے سے نہایت اہم ہے، سی پیک کا دوسرا مرحلہ ماحول دوست توانائی کے منصوبوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین نے ماحولیات کی وزارت کے لیے ہوانگ رانچیو کا درست طور پر انتخاب کیا ہے، مریم اورنگزیب کو ماحولیات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو بہت محنتی اور ماحولیات کے شعبے کی ماہر ہیں، دن رات اسموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے کام کر رہی ہیں۔

Load Next Story