گستاخانہ فلم کیخلاف رئوف صدیقی کا عالمی رہنمائوں کو خط

ذمے داروں کو عبرت ناک سزائیں نہ دی گئیں تو تیسری عالمی جنگ چھڑنے کا خطرہ ہے۔

بان کی مون، اوباما،احسان اوغلو نفرت انگیز اقدام کیخلاف قانون سازی کریں، رہنما متحدہ

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رئوف صدیقی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، امریکی صدر، وزیر خارجہ اور اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا ہے۔

کہ اگر توہین رسالت ؐ پر مبنی گستاخانہ فلم کے پروڈیوسر اور دیگر متعلقہ افراد کو عبرت ناک سزائیں نہ دی گئیں تو عالم اسلام کا شدید ردعمل تیسری عالمی جنگ میں تبدیل ہوجائے گا، رکن سندھ اسمبلی رئوف صدیقی کی جانب سے عالمی رہنمائوں کو لکھے جانے والے خطوط میں کہا گیا ہے کہ گستاخانہ فلم سے دنیا بھرکے مسلمانوں کے جذبات بھڑک اٹھے ہیں۔


انھوں نے اپنے خطوط میں متحدہ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے 15 ستمبر کو ٹیلی گرام کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پیغام میں گستاخانہ فلم کے خلاف مسلمانوں کے جذبات کی درست عکاسی کی گئی تھی اور اگر بروقت کارروائی کرلی جاتی تو صورتحال اس قدر سنجیدہ اور تشویشناک صورت اختیار نہ کرتی۔

خط میں 21 ستمبر کو ایک عوامی اجتماع سے قائد متحدہ کے خطاب کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انھوں نے اس سلسلے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے تیسری عالمی جنگ کی نشاندہی کی ہے۔
Load Next Story