ایف بی آر کا فیصلہ واپس، بیرون ملک سے آنے والوں کو 1 سے زائد موبائل لانے کی اجازت
چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ایک سے زائد موبائل فون لانے اور بارہ سو ڈالر سے زائد مالیت اشیا لانے پر پابندی سے متعلق بیگج رولز میں ترامیم کا مسودہ واپس لے لیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مجوزہ رولز کا متنازع نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹیفکیشن نمبر 2028(I)/2024 جاری کیا تھا، جس میں بیگیج رولز 2006 کے تحت کچھ ترامیم تجویز کی گئی تھیں تاہم ان ترامیم کو میڈیا اور عوامی حلقوں میں غلط طور پر یہ سمجھا گیا کہ ذاتی سامان کی حد 1200 امریکی ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق، اس مجوزہ نوٹیفکیشن میں "کمرشل مقدار" کی وضاحت کرتے ہوئے ان اشیا کی حد 1200 امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی جو سامان بظاہر تجارتی مقاصد یا مالی فائدے کے لیے لایا جاتا ہے اس کا مقصد بیگج سہولت کے غلط استعمال کو روکنا تھا تاہم نوٹیفکیشن میں واضح طور پر ذکر کیا گیا تھا کہ یہ حد "ذاتی استعمال یا تحفے" کے سامان پر لاگو نہیں ہوتی۔
ایف بی آر نے زور دیا کہ اس نوٹیفکیشن کے تحت ذاتی استعمال کے سامان یا جائز بیگج آئٹمز کو 1200 ڈالر کی حد سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اس کے برخلاف یہ تاثر کہ 1200 ڈالر سے زیادہ مالیت کا ذاتی سامان ضبط کیا جائے گا، بالکل غلط ہے اور اسے مسترد کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کا بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کو 1200 ڈالر سے زائد اشیا لانے پر پابندی کا فیصلہ
س مجوزہ نوٹیفکیشن کو عوامی اور سوشل میڈیا میں غلط طور پر سمجھا گیا اور اس پر بے بنیاد افواہیں گردش کرنے لگیں لہٰذا ایف بی آر نے یہ مسودہ واپس لے لیا ہے تاکہ مزید الجھن سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے گزشتہ روز بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک سے کمرشل مقدار میں اشیا ساتھ لانے پر مکمل پابندی کی تجویز دی گئی تھی اور بیرون ملک سے ذاتی استعمال کے لیے ایک موبائل فون لانےکی اجازت دینے کی تجویز دی گئی تھی۔