این آئی سی ایچ میں طبی اور غیر طبی عملے کی سنگین غفلت
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلد ہیلتھ (این آئی سی ایچ) اسپتال میں طبی اور غیر طبی عملے کی بڑی غفلت سامنے آئی ہے، جہاں آئی سی یو میں انتقال کرنے والے ایک بچے کی لاش زندہ بچے کے خاندان کے حوالے کر دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ این آئی سی ایچ سے بچے کا جسد خاکی لے کر مذکورہ خاندان فیملی جب گھر پہنچا تو معلوم ہوا کہ وہ ان کا بچہ نہیں ہے۔
دوسری جانب انتقال کرجانے والے بچے کا خاندان اسپتال میں اپنے بچے کی تلاش میں پریشان رہا۔
بعد ازاں ان خاندانوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، جس پر اسپتال کی انتظامیہ حرکت میں آئی اور انکشاف ہوا کہ انتقال کرنے والے بچے کی لاش غلطی سے روانہ کر دی گئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر بچے کی لاش واپس لانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، تاہم اس غفلت پر اسپتال انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔