کراچی کے صارفین کیلیے بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان
کے الیکٹرک کے اکتوبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی۔
چیئرمین نیپرا کی زیر صدارت ہیڈکوارٹر میں عوامی سماعت ہوئی۔
کے الیکٹرک کا موقف تھا کہ اس سے قبل ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 17 پیسے فی یونٹ کمی کے ساتھ چارج کیا گیا تھا، اکتوبر کا ایف سی اے ستمبر کی نسبت صارفین سے مزید 10 پیسے فی یونٹ مزید کم چارج کیا جائے گا۔ اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔
نیپرا نے کہا کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں 27 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی، کمی کی صورت میں کراچی کے صارفین کو صرف 46کروڑ کا ریلیف ملے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز، وفاقی حکومت نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 20 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں؛ حکومت نے بجلی مزید مہنگی کردی
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فی یونٹ 20 پیسے کا اضافہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا اور اس سے بجلی صارفین پر 1 ارب 18کروڑ 70 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق دسمبر 2024 کے ایک ماہ کےلیے ہو گا جبکہ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور پری پیڈ بجلی صارفین پر نہیں ہو گا۔ اسی طرح ونٹرپیکیج کے تحت اضافی بجلی کے استعمال پر بھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہو گا۔
نیپرا کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی نومبر میں ختم ہو گئی تھی جو 1روپے74پیسےفی یونٹ تھی۔