شاہ رخ خان پاکستان کے بارے میں کیا خیالات رکھتے ہیں؟ شکیل صدیقی کے انکشافات
پاکستانی کامیڈین شکیل صدیقی نے بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ گزارے وقت کا ذکر کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے بارے میں خیالات پر روشنی ڈالی۔
ایک تازہ انٹرویو میں شکیل صدیقی نے بتایا، "شاہ رخ خان کے پاکستان کے بارے میں بہت خوشگوار خیالات ہیں، اور آج بھی ان کے کئی رشتہ دار پشاور میں مقیم ہیں، جن میں ان کے کزنز شامل ہیں۔"
انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات شاہ رخ کے ساتھ کسی ٹی وی شو پر نہیں بلکہ نیوجرسی کے قریب ایک شو کے دوران ہوئی۔
شکیل صدیقی کے مطابق، "یہ وہی شو تھا جہاں شاہ رخ خان نے ذکر کیا تھا کہ انہیں ایئرپورٹ پر روکا گیا تھا۔ ہم دونوں نے اس شو میں شرکت کی تھی۔ وہ ایک اداکار کے طور پر وہاں موجود تھے اور میں ایک کامیڈین کے طور پر۔ اس کے بعد ہم نے کئی اور شوز میں ایک ساتھ کام کیا۔"
شکیل نے مزید بتایا کہ ایک تیسرے شخص نے دونوں کو ملوایا لیکن شاہ رخ خان نے خود آگے بڑھ کر شکیل سے ملاقات کی اور ان کی تعریف کی۔ شکیل نے کہا، "اتنے بڑے انسان ایسے ہی نہیں بنتے، پہلے دوسروں کو عزت دی جاتی ہے، تبھی خود کو عزت ملتی ہے۔"
شکیل صدیقی نے شاہ رخ کی اداکاری کی مخصوص انداز میں نقل بھی کی اور بتایا کہ سپر اسٹار خود اس قسم کی نقل کے مداح نہیں ہیں۔ شکیل نے کہا، "وہ کہتے تھے، 'میں ایسا کب کرتا ہوں؟' اور میں جواب دیتا، 'آپ کرتے تھے، لیکن شاید آپ کو یاد نہیں۔'"
انٹرویو کے اختتام پر، شکیل نے کہا کہ اگر انہیں دوبارہ بھارت میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور جائیں گے۔ ان کے الفاظ میں، "میں ایک فنکار ہوں۔ میرا کام پل بنانا ہے، آگ لگانا نہیں۔"